عابد چوہدری: پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبے بھر میں سنگین جرائم کی سرکوبی کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری، رواں سال ڈکیتی، قتل، ریپ اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں ڈبل یا اس سے زیادہ قتل کے 245 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، ڈکیتی، رابری اور قتل کے مقدمات میں بھی 245 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گینگ ریپ کے 1,198، زیادتی اور قتل کے 6 ملزمان، جبکہ اغوا برائے تاوان کے 112 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ بچوں سے بد فعلی میں ملوث 2,069 اور بچوں کو لاپتہ یا اغوا کرنے کے 1,016 ملزمان بھی قانون کے شکنجے میں آ چکے ہیں۔
لاہور میں بھی پولیس ٹیموں نے کامیاب کارروائیاں کیں، جہاں سینکڑوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ لاہور میں ڈبل یا زائد قتل کے 14، ڈکیتی اور قتل کے 19، گینگ ریپ کے 41، بچوں کے ساتھ بد فعلی کے 180، اور اغوا برائے تاوان کے 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے سنگین جرائم میں مزید کمی کے لیے کریک ڈاؤن جاری رکھنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔