قومی کرکٹ ٹیم میں تبدیلیاں؟ چئیرمین پی سی بی نے اہم ہدایت کردی

13 Oct, 2024 | 11:54 AM

حافظ شہباز:چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت سلیکشن کمیٹی اور مینٹورز کا خصوصی مشترکہ اجلاس، سلیکشن کمیٹی اور مینٹورز کا اجلاس 2 گھنٹے تک جاری رہا۔

تفصیلات کےمطابق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے پہلے مینٹورز سے علیحدہ میٹنگ کی اور پھر سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور مینٹورز کے ساتھ مشترکہ ملاقات کی،طویل اجلاس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور فٹنس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں متوقع تبدیلیوں سے چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی اور مینٹورز نے نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا عمل رواں سیریز کے اختتام تک مکمل کرنے پر اتفاق کیا، اجلاس میں کھلاڑیوں کے فٹنس کے عمل کو بھی رواں سیریز کے ختم ہونے تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے پچز کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت کی، سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور مینٹورز نے تجاویز دیں۔

اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کےارکان عاقب جاوید،اظہرعلی،علیم ڈار،حسن چیمہ،ایڈوائزربلال افضل،ڈائریکٹرڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی،ڈائریکٹرہائی پرفارمنس ندیم خان، مینٹورز شعیب ملک، مصباح الحق،وقاریونس،ثقلین مشتاق،سرفرازاحمد،اسدشفیق  نےشرکت کی۔

مزیدخبریں