پنجاب حکومت کا ورلڈ بینک سے الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے قرض لینے کا فیصلہ

13 Oct, 2024 | 11:51 AM

راو دلشاد: پنجاب حکومت نے الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے کیلئے ورلڈ بینک سے 300 ملین ڈالر کا سوفٹ لون لینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ قرضہ پنجاب حکومت کو 25 سال کی مدت میں واپس کرنے کی پابندی کے ساتھ فراہم کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان اس قرضے کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں، جن کے تحت انسداد سموگ کے لیے الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے پر 5 سال کا گریس پیریڈ ہوگا۔ اس قرضے کی شرح سود 2 فیصد رکھی گئی ہے، جس سے سموگ کے تدارک میں مدد ملے گی۔

ورلڈ بینک نہ صرف قرضہ فراہم کرے گا بلکہ الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے کنسلٹنٹس بھی فراہم کرے گا، جو لیتھیم بیٹری کی پروڈکشن اور ڈسپوزل کے حوالے سے گائیڈ لائن فراہم کریں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سموگ کے پھیلاؤ کا ایک بڑا سبب ہیں۔ اس حوالے سے ورلڈ بینک کا وفد سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے بھی ملاقات کر چکا ہے، جس میں اس منصوبے کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔
 

مزیدخبریں