ویب دیسک: شہنشاہ قوالی اور کلاسیکل موسیقی کے بے تاج بادشاہ اُستاد نصرت فتح علی خان کا یوم پیدائش آج (13 اکتوبر) منایا جارہا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ قوال و موسیقار استاد نصرت فتح علی خان13 اکتوبر 1948کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے اور صرف 16 سال کی عمر میں صوفی قوالی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
نصرت فتح علی کی مشہور قوالیوں میں ’دم مست قلندر مست‘، ’علی مولا علی‘، ’یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے‘، ’میرا پیا گھر آیا‘، ’اللہ ہو اللہ ہو‘، ’کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا‘، ’اکھیاں اڈیک دیاں‘، ’کسی دا یار نا وچھڑے’ اور ’میری زندگی ‘ وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے یادگار غزلوں اور گیتوں کے ساتھ ملی نغمے بھی پیش کیے ہیں، انہوں نے بین الاقوامی سطح پر قوالی کو متعارف کرایا اور بین الاقوامی سطح پر ان کا پہلا شاہکار 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈیڈ مین واکنگ‘ تھا۔
انہوں نے ہالی ووڈ کی ایک اور فلم ’دی لاسٹ ٹیم پٹیشن آف کرائسٹ‘ کی موسیقی بھی ترتیب دی، اس کے علاوہ انہوں نے قوالی کے حوالہ سے متعدد کتب تحریر کیں، جاپان میں 1992میں’ شہنشاہ قوالی‘ کے نام سے کتاب بھی شائع کی گئی اورانہیں ’گانے والے بدھا‘ کے لقب سے نوازا گیا ۔
استاد نصرت فتح علی خان جگر اور گردوں کے عارضہ کے باعث 16 اگست 1997 کولندن کے اسپتال میں اس دار فانی سے کوچ کر گئے، آج بروز اتوار ان کی سالگرہ کے حوالے سے شوبز انڈسٹری سمیت مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور ان کی خدمات پر خراج تحسین کیا جائے گا۔