اداکار وحید مراد کی بیوہ سلمیٰ مراد بھی چل بسیں

13 Oct, 2023 | 09:26 PM

راحیل بیگ: اداکار وحید مراد کی بیوہ معروف سماجی شخصیت سلمی مراد انتقال کر گئیں۔

سلمی مراد کئی سالوں سے علیل تھیں۔ان کی نماز جنازہ کل بروز ہفتہ 14 اکتوبر بمقام مسجد و امام بارگاہ یثرب، ڈیفنس فیز 4 میں نماز عصر کے بعد ادا کی جائے گی.

سلمیٰ مراد  کراچی کے ایک ممتاز صنعتکار کی بیٹی تھیں اور خود اداکارہ تھیں۔ انہوں نے 17 ستمبر 1964 کو  سدا بہار رومینٹک ہیرو وحید مراد سے شادی کی۔ سلمیٰ اور وحید مراد، وحید مراد کی وفات تک مثالی جوڑی کی حیثیت سے جانے جاتے رہے۔

سلمیٰ مراد کی شخصیت کا سحر وحید مراد کی جواں مرگ کے بعد مسلسل بڑھتا گیا۔ وہ بڑھاپے مین بھی پاکستان کے آرٹ اور کلچر سے متعلق حلقوں میں اتنی مقبول تھیں کہ گوگل نے 2 اکتوبر 2019 کو سلمی مراد کی 81 ویں سالگرہ پر اپنے مین پیج کا ڈوڈل سلمیٰ مراد سے منسوب کر دیا تھا۔
 سلمی مراد کے صاحبزادے اداکار عادل مراد بیرون ملک مقیم ہیں وہ والدہ کے جنازہ میں شرکت کیلئےکل ہفتہ کے روز پاکستان پہنچیں گے۔
 پاکستان فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی اہلیہ سلمیٰ مراد آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی پرانی ممبر تھیں۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر محمد احمد شاہ  نے سلمیٰ مراد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلمیٰ مراد نہایت نفیس خاتون تھیں۔ سلمیٰ مراد کے ساتھ اکثر ادبی میلوں میں ملاقات کا سلسلہ رہتا تھا۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ سلمیٰ مراد  کی وفات ملک بھر کے فنکاروں کے لئے ایک افسوسناک خبر ہے۔  ہم ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

 آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تمام ارکان دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں ۔دعا ہے کہ اللہ پاک سلمیٰ مراد کے درجات بلند کرے  اور ان کے بچوں کو صبر دے۔

 مرحومہ سلمیٰ مراد کے پسماندگان میں ایک بیٹا عادل مراد اور بیٹی عالیہ مراد شامل ہیں۔

مزیدخبریں