(شہزاد خان ابدالی)موبائل پارٹس کی درآمدات پر جزوی پابندی، موبائل فونز کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں ،مختلف کمپنیوں کے موبائل فون کی قیمتوں میں 15 سے 40 ہزار روپے تک اضافہ ہوگیا ،صارفین پریشان، سیل کم ہونے سے تاجر برادری اضطراب کا شکار ہوگئی ۔
شہرکی موبائل فون مارکیٹوں میں مختلف کمپنیوں کے موبائل فون سیٹ کی قیمتوں میں 15 سے 40 ہزار روپے کا بے تحاشا اضافہ ہوگیا۔ موبائل فون کے پارٹس کی درآمدات پر جزوی پابندی نے موبائل کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دیں، 35 ہزار والا فون 52 ہزار روپے کا، 50 ہزار والا موبائل 66 ہزار اور 66 ہزار والا 80 ہزار روپے کا ہوگیا۔
سینئر نائب صدر ہال روڈ سرداراظہر سلطان نے کہا کہ موبائل فون کی درآمدات انتہائی مشکل ہونے سے قیمتیں بڑھیں، زرمبادلہ نہ ہونے کے باعث حکومت نے درآمدی عمل نہایت مشکل کر دیا ہے۔
موبائل فون کی قیمتیں بڑھنے سے فون سیٹس کی سیل نہایت کم ہوگئی ہے، جس سے تاجروں کیلئے دکانوں کے کرائے، ٹیکس،ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر اخراجات کی ادائیگی مشکل ہوگئی ہے۔