ویب ڈیسک: جرمنی نے کولون شہر میں ملک کی سب سے بڑی مسجد سمیت 35 مساجد کی انتظامیہ کو نماز جمعہ کی اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر کولون میں مسلم برادری اور مقامی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے تحت شہر کی تمام 35 مساجد کو نماز جمعہ کی اذان لاؤڈ اسپیکر پر دینے کی اجازت ہوگی جن میں ملک کی سب سے بڑی مسجد بھی شامل ہے۔
ملک کی سب سے بڑی مسجد میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت کولون شہر کی انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت دی گئی ہے جس میں انتظامیہ نے اس حوالے سے پابندیوں میں نرمی کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہری انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے معاہدے کے تحت کولون شہر کی تمام 35 مساجد میں نماز جمعہ کی اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت ہوگی۔
کولون شہر کی انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے درمیان دو سال کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت جمعہ کے روز دوپہر بارہ سے تین بجے تک پانچ منٹ کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اذان دی جاسکے گی۔
جرمنی کے شہر کولون کے میئر کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھاکہ میرا شہر مختلف ثقافتوں اور تہذیبوں کا امتزاج ہے۔ مؤذن کو لاؤڈ اسپیکر پر اذان کی اجازت دینا ان کے لیے احترام کی علامت ہے۔ لاؤڈ اسپیکر پر اذان کی اجازت دو سال کے لیے دی گئی ہے جس کی تجدید کی جا سکے گی۔ معاہدے کی تجدید لاؤڈ اسپیکر کے حجم کی حد کی پابندی اور پانچ منٹ سے زیادہ طویل اذان نہ ہونے سے مشروط ہوگی جب کہ اذان سے پہلے پڑوسی عمارتوں کو مطلع کرنا بھی ضروری ہوگا۔