(عرفان ملک) علی ظفر اور میشا شفیع کیس میں چار ملزمان شامل تفتیش، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
معروف گلوکار علی ظفر کی جانب سے گلوکارہ میشا شفیع اور دیگر افراد کے خلاف درج مقدمات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کیس میں شامل عفت عمر، فریحہ ایوب ، شہزاد رضا اور حمزہ رضا شامل تفتیش ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق میشا شفیع کو تاحال سائبر کرائم ونگ نے نوٹس نہیں بھجوایا ۔ میشا شفیع بیرون ملک مقیم ہیں۔ ذرائع کے مطابق شامل تفتیش ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیاہے۔ملزمان کا کہنا ہے کہ ہم نے عوامی رائے پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سٹیٹس اپ لوڈ کئے۔ عفت عمر کا کہنا تھا کہ کسی کی دل آزاری کے لیے پوسٹس نہیں کیں۔
واضح رہے کہ گلوکار علی ظفرنے میشا شفیع کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعوی کر رکھا ہے ، جبکہ گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر پرجنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا تھا۔