حکومت کا ایم ٹی آئی ایکٹ نافذ کرنے کا فیصلہ

13 Oct, 2020 | 02:51 PM

Sughra Afzal

مال روڈ (بسام سلطان/ قیصر کھوکھر) ینگ ڈاکٹرز کے تحفظات نظرانداز، حکومت نے ایم ٹی آئی ایکٹ نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے سمری منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  کو ارسال کر دی۔ 

وائے ڈی اے اور پی ایم اے کے تحفظات کے باوجود حکومت نے ایم ٹی آئی ایکٹ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا، اس ایم ٹی آئی قانون کے تحت تمام اختیارات بورڈ آف منیجمنٹ کو  دے دیئے جائیں گے، ہسپتالوں کے بورڈ آف منیجمنٹ مالی اور انتظامی اختیارات میں بااختیار ہوں گے، بورڈ آف منیجمنٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی اور انہیں نکالنے میں بھی بااختیار ہوں گے، محکمہ ہیلتھ کے ڈاکٹرز بھی ان ہسپتالوں میں کام کریں گے۔

 صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد ایکٹ کو نافذ کیا جائے گا، ابتدائی طور پر ایم ٹی آئی ایکٹ کا نفاذ لاہور اور سیالکوٹ میں ہوگا، کے ای میڈیکل کالج میو ہسپتال اور سیالکوٹ میڈیکل کالج میں ایم ٹی آئی قانون لاگو کرنے کا فیصلہ کیا  گیا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن نے کہا ہے کہ 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں لانگ مارچ اور دھرنے کیلئے مختلف صوبوں سے قافلے 13 اکتوبر کو روانہ ہوں گے۔

  ینگ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ، گجرات اور اوکاڑہ میں لانگ مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، قافلے 13 اکتوبر کی شب 12 بجے روانہ ہوں گے۔

 

 

 

مزیدخبریں