ملک محمد اشرف : لاہور ہائی کورٹ میں وی پی این کے ذریعے بھی ٹک ٹاک کی بندش کیلئے متفرق درخواست پر سماعت،عدالت نے جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست کو مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائیکورٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت اس متفرق درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرے۔ جسٹس شاہد وحید نے عرفان علی کی متفرق درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست میں وفاقی حکومت،پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواستگزارکی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ پی ٹی اے نے قانونی ضابطے پورے کرتے ہوئے ٹک ٹاک کی بندش کا حکم دیا، بہت سے صارفین وی پی این کے ذریعے ٹک ٹاک استعمال کررہے ہیں، درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت وی پی این کے ذریعے بھی ٹک ٹاک کی بندش کا حکم دے ۔ مزید استدعا کی گئی کہ اس کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔
خیال رہے حکومت پاکستان کی جانب سے پی ٹی اے کی بندش کے بعد ٹک ٹاک انتظامیہ نے پی ٹی اے سے رابطہ کرلیا ہے،ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ٹک ٹاک انتظامیہ نے چیئرمین پی ٹی اے کے ساتھ آن لائن میٹنگ کی اور غیر اخلاقی مواد کے خلاف کوششوں سے آگاہ کیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مقبول ترین سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو پاکستان میں بند کردیا گیا تھا۔ پی ٹی اے حکام کہناتھا کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کو متعدد بار خط لکھ کر قابل اعتراض اور نامناسب مواد ہٹانے کا کہا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ٹک ٹاک غیر قانونی آن لائن مواد کے حوالے سے جامع طریقہ کار وضع کرنے کے لئے کافی وقت بھی دیا گیا تھا۔