(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے جلسوں میں رکاوٹ کے بجائے اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی اور مریم نواز سمیت تمام اپوزیشن رہنماؤں کو جلسوں میں شرکت کی اجازت دی جائے گی تاہم اپوزیشن کو کورونا سے متعلق ہدایات کو مدنظر رکھنے کا کہا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سمجھتی ہے کہ اپوزیشن جلسے کرکے خود کو بے نقاب کرے گی کیونکہ وہ شہریوں کو گھروں سے باہر نکالنے میں کامیاب نہیں ہو پائے گی۔
دوران اجلاس وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ پر امن احتجاج اور جلسے کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن کی تحریک عوام کی نہیں، سیاسی اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کی تحریک ہے جب کہ عوام کو سیاستدانوں کی کرپشن بچاؤ تحریک میں کوئی دلچسپی نہیں۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 16 اکتوبر کو گوجرانولہ میں اپنے پہلے جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ دوسرا جلسہ 18 اکتوبر کو کراچی میں کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج) منگل کو ہوگا، جس میں وفاقی کابینہ ملکی و سیاسی صورتحال سمیت 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔اجلاس میں کابینہ کو اسلام آباد میں تجاوزات ہٹانے سے متعلق بریفنگ دی جائیگی، سیلاب متاثرہ افریقی ملک نائجر کے لیے امدادی سامان بھیجنے پر غور ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس امپورٹ ایکسپورٹ بینک آف پاکستان ایکٹ2020 ، پی آئی اے بورڈ کے لیے ڈائریکٹرز کی نامزدگی اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے بورڈآف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ سی ڈی اے کے بجٹ تخمینہ 2020ـ21کی منظوری دے گی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی، اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔