( زاہد چوہدری ) حکومت کے بہترین علاج کی فراہمی کے دعوے لیکن حقیقت اس کے برعکس، پنجاب ڈینٹل ہسپتال کے 30 برس پرانے نصف سے زائد ڈینٹل یونٹس خستہ حال، معیاری علاج کی فراہمی کے قابل ہی نہیں جبکہ ہسپتال کی 100 نئے ڈینٹل یونٹس خریدنے کیلئے گزشتہ دو برسوں کے دوران بار بار استدعا کو ٹھکرا دیا گیا۔
صوبے بھر کی دانتوں کے امراض کی سب سے بڑی سرکاری علاجگاہ پنجاب ڈینٹل ہسپتال پرانے، بوسیدہ، خستہ حال، ڈینٹل یونٹس اور آلات کے باعث مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی میں شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ پنجاب ڈینٹل ہسپتال میں اس وقت 110 ڈینٹل یونٹس موجود ہیں، ان میں سے 70 ڈینٹل یونٹس 30 برس پرانے اور خستہ حال ہونے کی وجہ سے علاج معالجے کی معیاری سہولت فراہم کرنے کے بھی قابل نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ڈینٹل ہسپتال کی جانب سے 100 نئے ڈینٹل یونٹس کی خریداری کیلئے حکومت سے بار بار استدعا کی، جسے ہر بار ٹھکرا دیا گیا۔ ڈینٹل یونٹس کی خریداری کیلئے ڈینٹل ہسپتال کو صرف دس کروڑ روپے کے فنڈز درکار ہیں جو تاحال نہیں مل سکے۔
پنجاب ڈینٹل ہسپتال میں یومیہ 700 سے زائد مریض آتے ہیں، جن کو دانتوں کے امراض کا علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ ڈینٹل یونٹس اور ان سے منسلک طبی آلات پرانے اور بوسیدہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی مشکلات سے دوچار ہے۔