عرفان ملک: گڑھی شاہو کے علاقے میں خالی گھرمیں دھماکہ، پولیس کی فوری کارروائی، جائے وقوعہ سے تین دیسی ساختہ گولے بر آمد، پولیس نے 2 مزدوروں کو دستی بم لانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ حلقہ این اے 124 میں الیکشن سے ایک روز قبل دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق گڑھی شاہو کے علاقے حبیب اللہ روڈ پر دوپہر میں ایک خالی گھر سے زور دار دھماکے کی آواز نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، مقامی افراد نے فوری پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، مقامی افراد کا کہنا تھا کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی اور گھر سے آگ کے شعلے بھی نکلتے دیکھے گئے۔
پولیس نے موقع پرپہنچ کر تحقیقات شروع کیں اور گھر کے ایک کونے میں پڑے تین دیسی ساختہ گولے قبضے میں لے لیے جن کو بم سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا، ایس پی انویسٹی گیشن عمران کرامت بخاری کا کہنا تھا کہ کریکر شادی بیاہ کی تقریبات میں چلانے والے ہیں تاہم اصل حقائق تفتیش میں سامنے آئیں گے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ گھر چار ماہ سے خالی تھا اور 2 مزدور وہاں موجود تھے جن کو پولیس نے حراست میں بھی لے لیا، انہوں نے اعترافی بیان میں بتایا کہ وہ چار کریکر بازار سے خرید کر لائے تھے جن میں سے ایک کو انہوں نے چھت پر جا کر چلانے کی کوشش کی جس سے دھماکہ ہوا۔