شہزاد خان: موبائل کی درآمد پر ٹیکسز نے تاجروں کی چیخیں نکال دیں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کوخط لکھ دیا گیا، امپورٹڈ اور لوکل اسمبلنگ فونز پر ڈیوٹی یکساں کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ہال روڈ کے موبائل فونز کی تجارت سے وابستہ تاجر برادری ٹیکسز کےغیر منصفانہ نفاد پر بلبلا اٹھی، تاجر برادری کا کہنا ہے کہ لوکل اسمبلنگ چھوٹے فونز پر دو جب کہ درآمدہ شدہ فونز پر 13 سو روپے فی موبائل ٹیکس عائد ہے، بھاری ٹیکسز کی وجہ سے اسمگلنگ اور غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کی تجارت کو فروغ ملا۔
تاجر کہتے ہیں کہ حکومت غیر رجسٹرڈ فونز بند کرنے کے بجائے ٹیکس منصفانہ کرے، تاجر برادری درآمد شدہ فونز کی رجسٹریشن کے لئے تیار ہے۔
تاجر برادری کا مزید کہنا ہے کہ اگر حکومت اسمگلنگ شدہ اور غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کی تجارت کی حوصلہ شکنی چاہتی ہے تو لوکل اسمبلنگ اور درآمد شدہ موبائل فونز کے ٹیکسز کو یکساں کیا جائے۔