(سٹی42) قصور کی ننھی زینب کے قاتل عمران علی کو سر عام پھانسی دینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق زینب کے والد امین انصاری نے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔درخواست میں ہوم سیکرٹری،آئی جی پنجاب اور مجرم عمران کوفریق بنایاگیاہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیریل کلر عمران علی کی سرعام پھانسی سے لوگ عبرت پکڑیں گے اور اس طرح کے مجرمانہ فعل دوبارہ سرزد نہیں ہوں گے، دہشتگردی ایکٹ1997 کے تحت مجرم کو سرعام پھانسی دی جاسکتی ہے۔
درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی کہ زینب سمیت دیگر بچیوں کے قاتل عمران علی کو سرعام پھانسی دی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے زینب کے قاتل مجرم عمران علی کے بلیک وارنٹ جاری کیے جس کے مطابق مجرم کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی۔ مجرم عمران علی کو مجموعی طور پر 21 بار سزائے موت سنائی گئی تھی جبکہ 25 لاکھ روپے جرمانہ اور20 لاکھ 55 ہزار روپے دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔