وزیر اعظم شہباز شریف آذر بائیجان کا دورہ مکمل کرکے پاکستان روانہ

13 Nov, 2024 | 10:02 PM

سٹی42:  وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنا 3 روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوئے،آذربائیجان کے وزیرِ انصاف فرید احمدوف نے وزیرِ اعظم کو باکو ایئر پورٹ پر الوداع کیا. 

 وزیرِ اعظم  شہباز شریف نے اپنے دورہِ آذربائیجان کے دوران کاپ-29 کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں کو ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے خطرے سے دوچار پاکستان کی مشکلات سے آگاہ کیا، وزیرِ اعظم نے تاریخی طور پر ماحولیاتی آلودگی کے ذمہ دار ممالک کی جانب سے ماحولیاتی عالمی معاشی وعدوں کی تکمیل پر زور دیا. 

 وزیرِ اعظم نےپاکستان کی جانب سے منعقدہ کلائیمیٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی کی اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی معاشی وعدوں کی تکمیل پر زور دیا، تاجکستان کی جانب سے گلیئشیرز کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح تقریب میں شرکت کی اور گلیشیئرز و آبی وسائل کے تحفظ کیلئے پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالی. 

 وزیرِ اعظم کی اس موقع پر ڈینمارک، چیک ریپبلک کے وزرائے اعظم اور آذربائیجان کے صدر سے دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں،کاپ29 کے کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیرِ اعظم، متحدہ عرب امارات، تاجکستان، ازبکستان، قزاقستان، نیپال کے صدور سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں.

مزیدخبریں