عابد چودھری : شفیق آباد میں خاوند کے تشدد سے شدید زخمی ہو کر ہسپتال میں تین دن زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد فوت ہو جانے والی خاتون کے متعلق اذیت ناک انشافات ہوئے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات سے پولیس کو معلوم ہوا کہ قاتل پہلے بھی اپنی مظلوم بیوی پر تشدد کرتا رہا۔ معلوم ہوا ہے تشدد کے عادی شوہر کے غیر انسانی رویہ سے تنکگ آ کر خاتون اپنے میکے چلی گئی تھیں۔ ان کے بھائی نے روایتی انداز سے صلح صفائی کروا کر انہیں تشدد کے عادی شوہر کے گھر واپس چھوڑ دیا تھا۔ اس مرتبہ عادی مجرم نے کچھ زیادہ بھیانک تشدد کیا جو مظلوم خاتون کیلئے جان لیوا ثابت ہوا۔
پولیس نے تشدد کا مقدمہ مقتولہ کے ہسپتال داخل ہونے کے فوراً بعد درج کر لیا تھا جسے ان کی وفات کے بعد قتل کی دفعات کے اضافے کے ساتھ اپ ٹو ڈیٹ کر دیا گیا۔ مقتولہ کی ہسپتال میں وفات کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا.
پولیس کے مطابق ملزم مدثر نے اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گلادبا کرقتل کیا،ملزم کے خلاف مقتولہ عائشہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا،شفیق آباد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، مقتولہ خاتون تین بیٹیوں کی ماں تھیں۔ تشدد کا عادی شخص عرصہ دراز سے مقتولہ کو تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا، مدعی مقدمہ کے مطابق گزشتہ تشدد اور لڑئیا جھگڑے کی معافی دے کر بہن کو گھر پر چھوڑا تو ملزم نے دوبارہ تشدد کیا اور بعد میں گلا دبا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تحقیقات جاری ہیں۔