واٹس ایپ پر جعلی تصاویر پھیلانے والوں کی شامت آگئی

13 Nov, 2024 | 12:42 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے تصویروں کو چیک کرنے کے لیے فیکٹ چیک فیچر کی آزمائش شروع کردی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بالخصوص واٹس ایپ اِن دنوں فیک نیوز پھیلانے کا بڑا ذریعہ بن چکے ہیں۔آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) میں تیزی کیساتھ جدت کے بعد سے ایسی تصاویر بنانا آسان ہوگیا ہے جو حقیقت سے قریب تر معلوم ہوتی ہیں۔

واٹس ایپ پر عموماً بزرگ صارفین مصنوعی ذہانت سے بنی تصاویر اور اصل میں فرق نہیں کر پاتے اور بغیر تصدیق کے آگے شیئر کردیتے ہیں، تاہم اب واٹس ایپ نے 'فیکٹ چیک فیچر' کی صورت میں اس مسئلے کا حل ڈھونڈ نکالا ہے۔واٹس ایپ انتظامیہ نے اپنے پلیٹ فارم پر بھیجی گئی تصاویر کو چیک کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔

 مذکورہ آزمائشی فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے، اس فیچر کے تحت صارفین واٹس ایپ پر موصول ہونے والی تصویر پر کلک کرکے اس متلعق مزید معلومات حاصل کر سکیں گے۔مذکورہ فیچر گوگل لینس کی طرح کام کرے گا جو کہ تصاویر کی فیکٹ چیکنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ واٹس ایپ پر موصول ہونے والی تصویر کو جیسے ہی صارفین کلک کریں گے تو اس سے ملتی جلتی تصاویر یا بھیجی گئی تصویر سے متعلق مزید معلومات گوگل کے ذریعے حاصل کی جا سکے گی۔

تاحال یہ فیچر محدود صارفین کیلئے دستیاب ہے، کامیاب آزمائش کے بعد اسے باضابطہ طور پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں