ویب ڈیسک: چینی شہریوں کو خود کش حملے کا نشانہ بنائے جانے کے بعد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ آنے والے شہریوں کے لیے نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ان شرائط کے تحت مسافروں کو استقبال اور رُخصت کرنے کے لیے آنے والے افراد کو ایئرپورٹ میں داخلے سے قبل مذکورہ شخص کی فضائی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی،مسافر کو رخصت کرنے یا اُس کے استقبال کے لیے ایک ہی فرد ایئر پورٹ کی حدود میں داخل ہو سکے گا۔
کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کو لینے یا رخصت کیلئے آنے والوں کیلئے بھی ٹکٹ کی کاپی ساتھ رکھنا لازمی قرار دیدیا گیا ہے،شعبہ ویجیلنس کی جانب سے ائیر پورٹ پر داخلے کے وقت سیکیورٹی اداروں کے چیک کرنے پر ٹکٹ دکھانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ایک سینیئر افسر نے تصدیق کی کہ کراچی ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے مزید سخت انتظامات کیے جارہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ ’اعلیٰ حکام نے ایئرپورٹ پر رش کم کرنے کے لیے ایک مسافر کے ساتھ ایک فرد کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
اس سے قبل مسافروں کو لینے یا رخصت کرنے کے لیے 4 افراد کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت تھی،اپنے پیاروں کا استقبال کرنے یا انہیں الوداع کرنے کے لیے آنے والے افراد مسافر کا ٹکٹ یا فضائی سفر کی تفصیلات دکھا کر ہی ایئر پورٹ کی حدود میں داخل ہو سکیں گے۔
اس کے علاوہ مسافروں کو لینے یا رخصت کرنے کے لیے آنے والے شہریوں کو اپنا قومی شناختی کارڈ بھی لازمی طور پرساتھ رکھنا ہوگا تا کہ شناخت کی تصدیق میں آسانی ہو گی اور مشتبہ افراد کی تلاش میں مدد ملے گی۔