ویب ڈیسک:نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ محصولات کی وصولی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق اجلاس ہوا،اجلاس میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ، چیئرمین ایف بی آر، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
نگران وزیر اعظم کوٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور ٹیکس سسٹم کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،اجلاس میں ایف بی آر کی ری سٹرکچر نگ کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ہدایت دی کہ ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے اور اس حوالے سے ایک جامع لائحہ عمل پیش کی جائے جس میں تمام متعلقہ اداروں کی تجاویز بھی شامل کی جائیں.
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے،سمگلنگ کے کنٹرول کیلئے پچھلے دنوں کافی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں لیکن اس حوالے سے مزید تندہی سے کام کرنا ہو گا۔