ایم ڈی کیٹ کے امتحان کا مرحلہ مکمل

13 Nov, 2022 | 06:29 PM

Imran Fayyaz

( عظمت اعوان)لاہور سمیت پنجاب بھر میں میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ کے امتحان کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ شہر کے 7 امتحانی سنٹر میں 28 ہزار طلباء نے امتحان دیا۔

ایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے لاہور سمیت صوبے کے آٹھ شہروں میں 25امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ پنجاب بھر سے مجموعی طور پر83142 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جبکہ لاہور میں 7امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ اس موقع پر ایکسپو سینٹر کے مرکز پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بتایا کہ امتحانی پرچے کی تیاری سے لیکر پرنٹنگ،پیکنگ، ترسیل اور دیگر مراحل تک جدید طریق کار کو بروئے کار لایا گیا ہے۔وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور کا کہنا ہے میڈیکل میں داخلے میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے،شیڈول اسی ماہ جاری کردیں گے۔

پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ صبح 11بجے شروع ہوا اور سہ پہر ڈھائی بجے اختتام پذیر ہوا۔ ٹیسٹ کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات دیکھنے میں آئے۔ تمام امتحانی مراکز میں پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد صبح سویرے سے ہی موجود تھی۔اس موقع پرتمام امتحانی مراکز میں دفعہ144نافذ کی گئی تھی۔
لاہور کے سات امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر 28363 امیدواروں نے امتحان دیا جن میں سے 18876 طالبات اور 9487 طلبہ شامل تھے۔ امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے نادرا وین بھی موقع پر موجودتھی ۔پاکستان میڈیکل کمیشن کی پالیسی کے مطابق ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 55فیصد اور بی ڈی ایس میں داخلے کیلئے 45فیصدنمبرحاصل کرنا لازمی ہے۔
سرکاری میڈیکل کالجوں کے داخلے31دسمبر تک جبکہ ڈینٹل کالجوں میں داخلے 15فروری2023ء تک مکمل کیے جائیں گے۔ سرکاری طور پر نتائج کا اعلان ایک ہفتے میں کیا جائیگا۔ 

مزیدخبریں