ویب ڈیسک : لاس اینجلس کی ایک عدالت نے امریکی پاپ سنگر برٹنی سپیئرز کی زندگی سے ان کے والد کا کنٹرول ختم کرنے کا فیصلہ سنادیا۔
برٹنی اسپیئرز نے 13 برس تک اپنی زندگی کے مختلف پہلووں پر قائم رہنے والے اپنے والد کے قانونی کنٹرول کے ختم ہونے پر کہا ہے کہ یہ ان کی زندگی کا اب تک کا بہترین دن ہے۔انسٹاگرام پر اپنے 35 لاکھ فالوورز کو پیغام میں برٹنی نے کہا کہ میرا خیال ہے میں رو دوں گی۔
واضح رہے کہ 39 سالہ گلوکارہ کے ایک دہائی سے زائد عرصہ پہلے ڈپریشن میں جانے کے بعد سے ان کے والد جیمی سپیئرز وسیع پیمانے پر ان کے مالی اور ذاتی معاملات دیکھ رہے تھے۔
2008 میں عدالت نے جیمی سپیئرز کو برٹنی سپیئرز کی زندگی کے معاملات کا کنٹرول سونپا تھا۔ اس نطام کو کنزرویٹرشپ کہا جاتا ہے۔گذشتہ سال انہوں نے اپنے والد کو سرپرستی سے ہٹانے اور اپنی جائیداد کا مکمل اختیار ایک مالیاتی ادارے کو دینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
عدالت کے باہر برٹنی سپیئرز کے مداح بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ان پلے کارڈز پر ’فری برٹنی‘ اور امریکی گلوکارہ کی حمایت میں نعرے درج تھے۔