ویب ڈیسک: فوڈ پانڈا نے خصوصی ڈرون طیارے سے کھانے کی فراہمی کے آزمائشی مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے آفس کے تعاون سے ڈرون کی آزمائشی سروس 'پانڈا فلائی' (Pandafly) ایف 9 پارک اسلام آباد میں سرانجام دی گئی۔ اس سلسلے میں فوڈ پانڈا کے رائیڈر نے پارک کے ایک کونے پر ریسٹورنٹ سے ڈھائی کلو وزنی کھانے کا آرڈر وصول کیا اور ڈرون کے اسٹوریج بیگ میں رکھ دیا۔ اس پیکیج کو پھر ڈرون کے ذریعے پارک کے دوسرے کنارے پر پہنچایا گیا جہاں دوسرے رائیڈر نے اسے وصول کیا اور فلاحی ادارہ سویٹ ہومز کی جانب سے مدعو بچوں میں کھانا تقسیم کیا ۔
فوڈ پانڈا کی جانب سے مستقبل میں اس جدت انگیز ٹیکنالوجی کے استعمال کا واضح مطلب ہے کہ طویل فاصلے پر کھانے کی ڈیلیوری زیادہ تیز رفتاری سے ممکن ہوسکے گی۔ خاص طور پر دور دراز اور منسلکہ علاقوں میں رہائش پذیر صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے کیونکہ ان کے پاس مقامی سطح پر فوڈ آؤٹ لٹس کے محدود آپشنز تھے، لیکن اب ڈرون ڈیلیوری کی بدولت وہ شہر کے مرکزی مقامات سے بھی کھانے کا آرڈر دے سکتے ہیں۔صارف کے نزدیکی علاقے میں موجود فوڈ پانڈا کا رائیڈر ڈرون سے آرڈر وصول کرکے اسے صارف کے گھر تک پہنچائے گا۔
اس آزمائشی مرحلے کے موقع پر فوڈ پانڈا کے سی ای او، نعمان سکندر مرزا نے کہا، "فوڈ پانڈا کی بنیادی سوچ یہ ہے کہ جدت کا عمل جاری رکھے، نئے معیار قائم کرے اور ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کی بدلتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لئے بہترین حل تلاش کرے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، محمد حمزہ شفقات افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ای کامرس اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے ساتھ اسلام آباد کی سول انتظامیہ ایسے اداروں کو تعاون کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے جو عوام کو بھرپور سہولت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرتے ہیں۔ اس آزمائشی منصوبے کو باقاعدہ فعال سروس میں ڈھالنے کے لئے ہم فوڈ پانڈا کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔