بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ،4 شہری اور ایک جوان شہید

13 Nov, 2020 | 11:12 PM

(سٹی 42 ) بھارتی فوج نے حریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں جانی نقصان کی ہزیمت مٹانے کےلئے لائن آف کنٹرول کے متعدد سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی جس سے 4 شہری اور پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کا کپواڑہ میں مجاہدین سے 7 اور 8 نومبر کی رات سامنا ہوا، جھڑپ میں 4 بھارتی فوجی مارے گئے،بیان میں کہاگیاہے کہ بھارتی فوج نے حریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں جانی نقصان کی ہزیمت مٹانے کےلئے ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر شر انگیزیاں شروع کیں، بھارتی فوج نے بھاری ہتھیار اور مارٹرز کا بے دریغ استعمال کیا اور ایل او سی کے کئی سیکٹرز پر جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔
 آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی، بھارتی اشتعال انگیزیوں سے 4 شہری شہید اور 12 زخمی ہوئے، پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج نے بھارتی چیک پوسٹوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان ہوا، جس کو بھارتی میڈیا نے بھی تسلیم کیا، پاک فوج ایک جوان بہادری سے لڑتا ہوا شہید اور 5 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ پاکستان ایک امن پسند ریاست ریاست ہے، پاک فوج بھی خطے میں امن چاہتی ہے، پاک فوج مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائے گی، کشمیری بھائیوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں گے، بھارت کی ہر اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

مزیدخبریں