(سٹٰی 42) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے رواں سال اگست میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد مہندرا سنگھ دھونی اب ایک الگ انداز میں اپنے مداحوں کے سامنے آئے ہیں،جی ہاں سابق کپتان نے کرکٹ کے بعد اب آرگینک پولٹری فارمنگ شروع کرنے کی ٹھان لی ہے۔
اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ انھوں نے کڑک ناتھ قسم کی ایک نایاب نسل کی مرغیوں کا پولٹری یونٹ شروع کرنے کے لیے ایسی دو ہزار مرغیوں کا آرڈر دے دیا ہے۔ کڑک ناتھ نسل کی یہ مرغی اصل میں وسطی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع جھبوا میں پائی جاتی ہیں، اور وہاں سے یہ مرغیاں جلد ہی دھونی کے رانچی (شمال مشرقی بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کا صدرمقام) میں واقع فارم میں 15 دسمبر تک پہنچ جائیں گی۔
مذکورہ بالا نسل کی مرغی کا گوشت نہایت ہی لذیذ ہوتا ہے جبکہ اس مرغی کا گوشت اور خون بھی سیاہی مائل ہوتا ہے، اور اس میں چربی اور کولیسٹرول بالکل بھی نہیں ہوتا۔
یاد رہے مہندرا سنگھ دھونی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی 9 سال تک بطور کپتان قیادت کی اور اس سال اگست میں کرکٹ کی دنیا کو خیرآباد کہہ دیا ، جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں دھونی آج بھی اپنا الو منوائے ہوئے ہیں۔