( عابد چوہدری ) کاہنہ میں نوجوان کو اغواء کے بعد قتل کرنے والے 2 سگے بھائی گرفتار کر لئے گئے، ملزموں نے غیرت کے نام پر آصف رحمان کو قتل کیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن بلال قیوم کے مطابق کاہنہ انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 32 سالہ شہری آصف رحمن کو اغواء کے بعد قتل کرنے والے 2 سگے بھائیوں عاقب اور سلامت کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں نے اپنی بہن کے ساتھ مقتول آصف رحمٰن کے مراسم ہونے کا رنج تھا، انہوں نے مقتول آصف کو اپنے گھر بلایا اور کھانے میں بیہوشی کی دوا ملا کر اسے کھلا دی۔
ملزم عاقب اور سلامت نیم بیہوشی کی حالت میں مقتول آصف رحمٰن کو موٹر سائیکل پر بٹھاکر قصور لے گئے۔ ملزموں نے مقتول آصف کو پکی حویلی کے قریب نالے پر لے جاکر گلا دبا کر قتل کیا اور نعش نالے میں پھینک کر فرار ہوگئے۔
مقتول آصف رحمٰن کی نعش برآمد ہونے کے بعد عاقب اور سلامت نے قتل کا اعتراف کرلیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن بلال قیوم کا کہنا ہے کہ مقتول کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف ضلع قصور میں بھی درج تھا۔
گزشتہ برسوں سے پنجاب کے مختلف شہروں میں جرائم کی شرح ایک اضافے کے ساتھ بڑھ رہی ہے، لاہور میں بڑھتے جرائم نے لوگوں کی ناک میں دم کررکھا ہے، آئے روز قتل کی واردات یازیادتی کے لرزہ خیز واقعات ہورہے ہیں۔