سلمان خان کس سے شادی کرنا چاہتے تھے?،حیران کن انکشاف 

13 Nov, 2020 | 07:22 PM

( سٹی42 )90 کی دہائی میں بالی ووڈ کی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی خوبصورت اداکارہ جوہی چاولہ آج اپنی 53 ویں سالگرہ منارہی ہیں، اس موقع پر اداکارہ سے متعلق کئی نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، جنہیں سن کر ان کے مداح حیران رہ جائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوہی چاولہ کی سالگرہ کے موقع پر اداکار سلمان خان نے پہلی مرتبہ انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی جوانی میں اداکارہ جوہی چاولہ کو بے حد پسند کرتے تھے اور ان سے شادی کرنا چاہتے تھے لیکن جوہی کے والد نے انکار کردیا،یہاں سلمان خان اور جوہی چاولہ کے مداحوں کو یہ سن کر ضرور دھچکا لگا ہوگا۔
بالی ووڈ کے دبنگ اداکارسلمان خان نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ وہ جوہی چاولہ کو اس حد تک پسند کرتے تھے کہ ایک دن خود ہی ان کے گھر چلے گئے اور اداکارہ کے والد سے ان کا ہاتھ بھی مانگ لیا تھا،لیکن جوہی چاولہ کے والد نے رشتے سے انکار کردیا، میزبان نے سلمان خان سے انکار کی وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ شاید میں ان کے معیار پر پورا نہیں اترتا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ جوہی چاولہ نے اپنے کیرئیر کے عروج پر خاموشی سے جے مہتا نامی شخص سے شادی کرلی تھی، ان کی خفیہ شادی کے بارے میں صرف چند لوگ ہی جانتے تھے،اس حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ انہیں خوف تھا کہ کہیں شادی کے بعد ان کا کیرئیر ختم نہ ہوجائے اس لئے انہوں نے سب سے یہ بات چھپائی تھی،اداکارہ جوہی چاولہ اپنے شوہر جے مہتا کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں، اداکارہ کے دو بچے ہیں، ایک بیٹا ارجن اور ایک بیٹی جھانوی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جوہی چاولہ نے اپنی سالگرہ سے ایک دن قبل مداحوں کیلئے ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے ان سے گزارش کی ہے کہ کل میری سالگرہ کے دن مجھے پھول نہ بھجیں بلکہ اس کی جگہ ایک پودا لگا دیں، جوہی چاولہ نے مزید لکھا کہ آپ میری محبت میں جو پھول بھجتے ہیں وہ تین دن میں مرجھا جاتے ہیں لیکن اگر آپ ایک پودا لگائیں گے تو وہ ساری زندگی آپ کے اور میرے بچوں کو فائدہ پہنچائیں گے۔

مزیدخبریں