(سٹی 42) پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگی، ایک دن میں ریکارڈ 37 اموات ہوئیں، سب سے زیادہ پنجاب میں 17 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں قاتل وائرس کورونا 37 پاکستانیوں کی زندگیاں نگل گیا، پنجاب میں 17، سندھ میں 14، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں 2،2 جبکہ خیبرپختونخوا میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار 92 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ ایک روزمیں 36 ہزار 923 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار304 افراد کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں جس کے بعد کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 52 ہزار 296 ہوگئی، سندھ 1 لاکھ 53 ہزار 51 کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، پنجاب میں 1 لاکھ 8 ہزار822، خیبرپختونخوا میں 41 ہزار472، اسلام آباد میں 23 ہزار122 اور بلوچستان میں 16 ہزار274 کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، اس وقت 1 ہزار405 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 195 مریض وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اےلیفٹیننٹ جنرل محمدافضل بھی وائرس میں مبتلا ہوگئے، ایس ایس پی آپریشنز احسن سیف اللہ اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں، ایڈیشنل آئی جی ریلوے پولیس ملک عتیق بھی کورونا وائرس کاشکار ہوگئے،ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سروسز عمرانہ توقیر کو بھی کوروناہوگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہرپر قابو پانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، کورونا پر قابو پانے کیلئے پہلے کی طرح شہریوں کا بھرپور تعاون ضروری ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے ڈریپ نے حفاظتی اقدامات اٹھا لیے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے این سی او سی کی سفارشات کے تحت حفاظتی اقدامات بارے سرکلر جاری کردیا، ڈریپ میں ہرقسم کے وزیٹرز کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا۔