تاجروں کا لاک ڈاؤن کا حکومتی فیصلہ نہ ماننے کا اعلان

13 Nov, 2020 | 01:39 PM

Sughra Afzal

(شہزاد خان)آل پاکستان انجمن تاجران( نعیم میر گروپ) کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر ، صدر اجمل بلوچ اور تاجر قائدین نے کہا ہے کہ نکمی، نااہل اور شعور سے عاری حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو نہیں مانیں گے۔

آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے ملک بھر سے آئے تاجر قائدین نے کورونا کی موجودہ لہر اور ممکنہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے ہاسپیٹلٹی ان ہوٹل میں پریس کانفرنس کی، مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے تبدیلی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کورونا کو سیاسی اور مالی فائدے کیلئے استعمال کر رہی ہے، کورونا کو بہانہ بناکر تاجروں اور اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، کورونا کا بہانہ بناکر پی ڈی ایم کے جلسوں کو روکنے کا جواز پیدا کیا جارہا ہے اور تاجروں کی دکانیں بند کی جارہی ہیں، حکومت کورونا کے نام پر بیرون ملک سے لیے گئے ڈالروں کاحساب دے۔

صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم صاحب ! آپکی نکمی، نااہل ٹیم معیشت کو کیوں نہیں چلاسکتی،  اپوزیشن سے انتقام لیں، تاجروں سے کس بات کا انتقام لے رہے ہیں؟

پریس کانفرنس میں مرکزی صدر اجمل بلوچ، صدر میاں خلیل عبیر، حافظ رضوان بٹ، فاروق حفیظ، صدر مال روڈ سہیل محمود بٹ سمیت چاروں صوبوں سے آئے تاجر رہنما شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آگئی، 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں کورونا سے 3 اموات ہوئیں جبکہ 126 نئے مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد  54002 ہوگئی ہے، اب تک کورونا کے باعث954 افراد موت کےمنہ میں چلے گئے ہیں، کورونا کے  80 مریض انتہائی نگہداشت وارڈز اور 16 وینٹی لیٹر پر ہیں۔

مزیدخبریں