مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کھلے مقامات پر شادی بیاہ کیلئے مہمانوں کی تعداد محدود کرنے کی سفارش کے علاوہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات قبل از وقت کرنے کی تجویز دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں طبی ماہرین نے وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ اجلاس کے شرکاء نے کورونا کے مریضوں کی تعداد اور شرح اموات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیاکہ سیاسی و عسکری قیادت کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیاکہ کورونا کے حوالے سے مستقبل کی صورتحال کو مدنظر رکھ کرپیشگی ضروری پلاننگ کی جائے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کی آگاہی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے گی، صوبے میں ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائےگا۔
اجلاس میں بیرون ملک خصوصاً بھارت سے آنے والے افراد کو قرنطینہ میں رکھنے ، صوبے میں سیاسی، سماجی، ثقافتی و مذہبی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی۔ کھلے مقامات پر شادی بیاہ کیلئے مہمانوں کی تعداد محدود کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔
اجلاس میں کور کمانڈ لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ کورونا ایک قومی چیلنج ہے، سول حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں، عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، مشترکہ مربوط کاوشوں کے ساتھ کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے، زمینی صورتحال کا جائزہ لے کرعوام کی زندگیاں محفوظ کرنے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے، عوام کو موجودہ حالات میں ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا، پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید ، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، آئی جی انعام غنی اور دیگراعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔