"اقتصادی اعشاریئے مثبت، مستقبل میں گندم، چینی کا بحران نہیں ہوگا"

13 Nov, 2020 | 09:47 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقتصادی اعشاریئے مثبت ہیں، پاکستان مشکل وقت سے نکل کر ترقی کی جانب گامزن ہے، مستقبل میں گندم اور چینی کا بحران پیدا نہیں ہوگا، مافیا مل کر چینی کی قیمت بڑھا دیتے ہیں، کرنسی کی قدر کم ہونے سے مہنگائی بڑھتی ہے۔

  وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان سر ٹیفکیٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، سمندر پار پاکستانی وطن سے سب سے زیادہ محبت کرنے والے شہری ہیں، کرنسی کی قدر کم ہونے سے مہنگائی بڑھتی ہے، آج روپے کی بڑھتی قدر ملکی معیشت کی بہتر صورتحال کی نشاندہی کر رہی ہے، کوئی ڈالر خرچ کیے بغیر روپے کی قدر اوپر آ رہی ہے، موثر معاشی پالیسیوں کے باعث 17 سال کے بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے، ملکی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ بھی خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ملک میں استحکام آ رہا ہے، پچھلی حکومت کے قرضوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، اگر پچھلی حکومتوں کا بوجھ نہ اٹھانا پڑتا تو قرضے نہ لینا پڑتے تاہم پچھلے چار ماہ میں پاکستان کے قرضوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، فیصل آباد میں ساری ٹیکسٹائل انڈسٹری چل پڑی ہے، مطلب مشکل وقت سے نکل کر پاکستان درست راستے پر آگے بڑھ رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ سترہ سال کے بعد کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں چلا گیا ہے، یہ بہت بڑی کامیابی ہے لیکن بدقسمتی سے اس کامیابی کو زیادہ ہائی لائٹ نہیں کیا جا رہا، کورونا کے دوران پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی، جب اقتدار سنبھالا تو 20 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا جو اب کم ہو رہا ہے، چینی کے کارٹیل پر اب پورا قدم اٹھا رہے ہیں، آگے جا کر چینی اور گندم کا مسئلہ نہیں ہوگا۔

اس موقع پر انہوں نے کئی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں