آٹا چکی مالکان بھی مہنگائی سے تنگ، اہم فیصلہ کرلیا

13 Nov, 2019 | 07:05 PM

Arslan Sheikh

( حسن علی ) آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال، آٹا چکی مالکان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اڑتالیس روپے کی گندم کا آٹا بیالیس روپے فی کلو میں فروخت کرنے کا کہہ رہی ہے جو ممکن نہیں ہے۔

لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کی کال پر شہر کی آٹا چکیوں کو بند کر دیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت علی ملک کا کہنا ہےکہ آٹا چکی مالکان پرائیویٹ گندم خرید کر صاف اور صحت مند آٹا شہریوں کو فراہم کرتے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ آٹا چکی مالکان کو بیالیس روپے فی کلو کے حساب سے آٹا فروخت کرنے کا کہہ رہی ہے جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔

غلہ منڈی سے اڑتالیس روپے فی کلو گندم خرید کر بیالیس روپے فی کلو آٹا کیسے فروخت کرسکتے ہیں۔ لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک فلورملز کو سرکاری گندم مہیا کرکے سستا آٹا حاصل کرتی ہے جبکہ آٹا چکی والے غلہ منڈی سے گندم خریدتے ہیں، ضلعی انتظامیہ آٹا چکی مالکان کو جرمانے کر رہی ہے۔

دوسری طرف چکی کا آٹا خریدنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت آٹا چکی مالکان کے مسائل کو حل کرے تاکہ وہ غذائیت سے بھرپور آٹا کھا سکیں۔ چکی مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت مسائل حل کرے تاکہ ان کا کاروبار چلے اور لوگوں کا روزگار بھی برقرار رہے۔

مزیدخبریں