(سٹی 42) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاراپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 نومبر تک توسیع کردی۔
منی لانڈرنگ کیس کی سماعت
احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی، نیب حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز کو عدالت پیش کیا، جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیس کا ریفرنس کب پیش کیا جائے گا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ تفتیش مکمل ہوتے ہی ریفرنس پیش کر دیا جائے گا۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے حمزہ شہباز کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 نومبر تک توسیع کر دی۔
" حکومت کا نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنا افسوسناک ہے"
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نواز شریف کی صحت پر بھی سیاست کر رہی ہے، جو قابل افسوس ہے، نوازشریف کی طبیعت نازسا ہے، اپنی بیماری کے باوجود بیرون ملک سے واپس آئے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر بیرون ملک سے واپس آئے، نوازشریف کے دور حکومت میں اس طرح مہنگائی نہیں تھی، غریب آدمی صبح شام حکومت کو بدعائیں دیتا ہے، وہ وقت دور نہیں جب عوام بہت جلد اس حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔
حمزہ شہباز کی عدالت سے واپسی پر افسوسناک واقعہ
حمزہ شہباز کی عدالت سے واپسی پر پولیس اہلکار راستہ کلیئر کرواتے ہوئے گاڑی کی ٹکر لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔