گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت نےیونان کشتی حادثہ کیس کے مرکزی ملزم محمد ممتاز کو ہیومن سمگلنگ کے 3 مقدمات میں 60 سال قید کی سزا اور 42 لاکھ روپے جرمانہ دینے کا حکم سنا دیا ۔
خصوصی عدالت کے جج نے یہ سزائیں امیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت سزائیں سنائیں۔
مجرم کے خلاف تھانہ ایف آئی اے گوجرانوالہ میں ہیومن سمگلنگ کے 3 مقدمات درج تھے۔
مجرم پر الزام تھا کہ اس نے 2 سگے بھائیوں سمیت 4 نوجوانوں سے 1 کروڑ 10 لاکھ روپے لے کر انہیں غیر قانونی ذرائع سے اٹلی جانے کے لئے اس کشتی تک پہنچایا تھا جو اٹلی جاتے ہوئے یونان کی سمندری حدود میں ڈوب گئی تھی۔ اس حادثہ میں چھ سو سے زیادہ غیر قانونی امیگرنٹ سمندر میں ڈوب کر مر گئے تھے۔
مجرم ممتاز نے جن چار نوجوانوں کو غیر قانونی طریقے سے اٹلی بجھوانا تھا وہ چاروں کشتی کے ساتھ ڈوب گئے تھے۔ ان کے نام محمد منیب،اللہ دتہ،فرہاد علی اور محمد توحید تھے۔ یونان کشتی حادثہ 14 جون 2023 کو پیش آیا تھا ۔
اس کشتی حادثے میں ڈوبنے والے افراد میں 50 سے زائد نوجوانوں کا تعلق گوجرانوالہ ڈویژن سے تھا۔