(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں اسمبلیوں کی تمام اضافی مخصوص نشستیں معطل کردیں ، نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مجموعی طور پر 77 ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کے نوٹیفکیشن معطل کیے گئے ہیں ، اس میں خیبر پختونخوا اسمبلی سے 21اراکین کی رکنیت معطل کی گئی جبکہ قومی اسمبلی میں تین اقلیتوں کی رکنیت معطل ہوئی ہے ۔
جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی 11 خواتین اراکین اور خیبر پختونخوااسمبلی سے اقلیتوں کے 4 اراکین معطل کیے گئے جبکہ خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 8 خواتین اراکین بھی معطل کی گئی ہیں۔
یہ مخصوص نشستیں اضافی طور پر ن لیگ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں میں تقسیم کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ 6 مئی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے سے متعلق کیس میں پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔