موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کیساتھ خیرخواہی نہیں ہوگی، پرویز الٰہی

13 May, 2024 | 03:13 PM

جمال الدین جمالی: سابق وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے مذاکرات ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ ملک و قوم کیلئے مذاکرات پر راضی ہوئے مگر پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے مذاکرات میں مسلم لیگ ن کو اپنی موت نظر آ رہی ہے۔

اینٹی کرپشن کورٹ میں اپنے خلاف مقدمہ کی کارروائی کے بعد چودھری پرویزالہی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی جس میں انھوں نے کہا کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف ملک اور قوم کیلئے مذاکرات پر رضامند ہوئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ صرف بااختیار مقتدر حلقوں سے مذاکرات ہی نتیجہ خیزثابت ہو سکتے ہیں۔ مقتدر حلقوں کو سابق صدر مملکت عارف علوی کی مذاکرات کی دعوت کا مثبت جواب دینا چاہیے۔

پرویزالہی کے مطابق موجودہ حالات میں مذاکرات سے انکار ملک و قوم کیساتھ خیرخواہی نہیں ہوگی۔ سابق وزیراعلی نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کر رہی ہے کیونکہ مذاکرات کے نتیجہ میں اسے پنجاب میں پی ٹی آئی کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس کرنا پڑے گا۔ چودھری پرویزالہی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ناجائز حکومت غیرقانونی نشستیں اوراکثریت سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔

مزیدخبریں