ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کی سیکورٹی سے متعلق اجلاس میں رجسٹرار عشرت علی کے بلانے پراسلام آباد پولیس کے حکام شریک نہیں ہوئے۔
سیکورٹی سے متعلق اجلاس رجسٹرار نے طلب کیا تھا۔ اسلام آباد پولیس کو اس کی اطلاع بھیجی گئی تھی لیکن کسی افسر نے شرکت نہیں کی۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے پولیس فسروں کے نہ آنے پرتشویش کا اظہارکیا اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو پیر کے روز سیکورٹی پلان اور انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
رجسٹرار نےاسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کو سپریم کورٹ کے سامنے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پیر کے روز دھرنے کے حوالے سے سیکورٹی پلان اور انتظامات سے متعلق امور پرلائحہ عمل پرتبادلہ خیال کے لیے طلب کیا تھا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ، اے آئی جی اپیشل برانچ، ڈی آئی جی آپریشن ، ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد کو اجلاس میں طلب کیا تھا۔
سپریم کورٹ میں پیر کو انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی نظر ثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر ہے جبکہ پی ڈی ایم نے سپریم کورٹ کے سامنےدھرنا دینے کے لئے تمام جماعتوں کے کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی کال دے رکھی ہے۔