جناح ہاؤس حملہ کے ملزم 72 گھنٹوں میں پکڑیں، وزیراعظم کا حکم

13 May, 2023 | 04:10 PM

ویب ڈیسک: لاہور  میں  سیف سٹی اتھارٹی کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ جناح ہاوس دہشت گردی میں ملوث افراد کو 72 گھنٹوں میں پکڑاجائے۔ دہشت گردی کے  واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائےگی، دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، قانون اپنے آہنی ہاتھوں سے ان لوگوں کو اپنی گرفت میں لےگا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ کور کمانڈر ہاؤس جو ایک تاریخی جناح ہاؤس ہے، اس کو آج دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، جو مکمل طور پر راکھ میں تبدیل کر دیا گیا، اس طرح کا کوئی کام پاکستانی نہیں سوچ سکتا، یہ بد ترین حرکت کرنے والوں کو آئین اور قانون میں درج سزائیں دی جائیں گی، کورکمانڈر ہاؤس تاریخی جناح ہاؤس جل چکا ہے اور مکمل طور پر تباہ ہوگیا، ان واقعات پرپوری قوم غمگین ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہر کمرہ آگ سے مکمل طور پر جلا ہوا ہے، فرنیچر جل گیا، وہاں پر جو تاریخی چیزیں تھیں وہ سب تباہ ہوگئیں، کاش بطور پاکستانی ہمیں یہ دن نصیب نہ ہوتا اور میں سمجھتا ہوں کہ اس المناک واقعے کے بعد پوری قوم انتہائی غمگین ہے، ماسوائے ان کے جو عمران نیازی اور ان کا جتھہ ہے، وہ جہاں پر بھی ہے، وہ کسی حوالے سے بھی دہشتگردوں اور پاکستان کے دشمن سے کم نہیں کیونکہ اس طرح کا کام کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا۔ جوکام شرپسند 75 برس میں نہ کرسکے وہ پی ٹی آئی کےشرپسندوں نےکیا، منصوبہ بندی کے تحت سرکاری املاک کو نقصان  پہنچایا گیا اور  شہیدوں اور  غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  ان شرپسندوں کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں، وزیر قانون انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی تعداد بڑھائیں، شرپسندوں کو سزائیں دینے کے لیے اگر  راتوں کو انسداد دہشت گردی کورٹس چلانی پڑیں تو  چلائی جائیں، پولیس اور انتظامیہ شرپسندوں کو فی الفور گرفتار کرے، خانہ پری قابل قبول نہیں، تمام شرپسندوں کو بلاتفریق گرفتار کیا جائے، اگلے 72 گھنٹوں میں تمام مجرموں اور  حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے۔

مزیدخبریں