مانیٹرنگ ڈیسک: ترک نژاد جرمنی کے سابق فٹبالر مسعود اوزل نے ترکیہ کے انتخابات میں رجب طیب اردوان کی حمایت کا اعلان کردیا۔
مسعود اوزل نے اپنے مصدقہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ترک صدر سے ملاقات کی تصویر شیئر کی اور لکھا 'مسٹر صدر ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں'۔خبر ایجنسی کے مطابق ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں کل یعنی 14 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے جب کہ صدارتی انتخابات میں صدر اردوان سمیت 3 امیدوارمیدان میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صدر اردوان اور اپوزیشن رہنما کمال قلیچ کے درمیان سخت مقابلہ ہے، انتخابات میں ترکیہ اور ترکیہ سے باہر مقیم 64 ملین سے زائد ووٹرز ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔انتخابات میں کامیابی کے لیے امیدوار کو 50 فیصدسے زائد ووٹ حاصل کرناہوں گے جب کہ کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں ناکامی پر 28 مئی کو دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔
بعد ازاں 28مئی کو سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔