(ویب ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا وفاقی اور سندھ حکومت سے اتحاد نیک شگون ثابت ہوا، پارٹی چھوڑ کر جانے والے رہنماؤں کی واپسی کا آغاز ہوگیا ،ڈاکٹر صغیر اور وسیم آفتاب سمیت کئی رہنما ایم کیوایم میں دوبارہ واپس آگئے۔
ایم کیو ایم کے ناراض رہنما دوبارہ پارٹی میں شامل ہونے کو ہیں، پاک سرزمین پارٹی ( پی ایس پی) کے سابق رہنماؤں نے ایم کیو ایم میں دوبارہ شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے، پی ایس پی کے سابق سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر صغیر احمد ایم کیو ایم میں شامل ہونے جارہے ہیں جبکہ سابق وائس چئیرمین وسیم آفتاب بھی دوبارہ ایم کیو ایم میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر ممکنہ شمولیت اختیار کرنے والوں میں انیس ایڈوکیٹ اور سلیم تاجک بھی شامل ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد امکان ہے کہ یہ رہنماء ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد جاکر باضابطہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔
یہ تمام رہنما ایم کیو ایم چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہوئے تھے اور پی ایس پی کے رہنما قیادت سے ناراضی کے بعد ایم کیو ایم سے رابطے میں تھے۔