(ویب ڈیسک)حج بیت اللہ کے خواہش مندوں کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آج آخری یوم,حج 2022ء مہنگا ہونے کے سبب گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال درخواستیں اب تک کم وصول ہونے کا امکان, دوسری جانب سعودی حکومت نے رواں برس تمام عازمین حج کے لیے ا سمارٹ فون ہمراہ لے جانا لازمی قرار دے دیا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج 7 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک یا اس سے بڑھنے کے بھی امکانات ہیں، وزارت مذہبی امور کو آن لائن اور براہ راست درخواستیں بذریعہ بینک اکاؤنٹس جمع کرائی جارہی ہیں۔بینکوں کے ذریعے سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کرانے کا آج پانچواں اور آخری دن ہے۔آن لائن درخواستیں کی وصولی کا بھی آج آخری دن ہوگا۔بینکوں کے ذریعے چار دن میں 43 ہزار 5 سو 54 حج درخواستیں موصول ہوئیں۔
دوسری طرف سعودی حکومت نے رواں برس تمام عازمین حج کے لیے سمارٹ فون ہمراہ لے جانا لازمی قرار دے دیا۔جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ مسجد نبویؐ اور ریاض الجنۃ میں نوافل ادا کرنے کے لیے موبائل ایپلی کیشن سے وقت لینا ضروری ہے ، عازمین حج کے لیے عمرہ اور طواف کعبہ کے لیے جانے سے پہلے وقت لینا ضروری ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اس مقصد کے لیے موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے وقت لیا جائے گا جو اسمارٹ فون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ریاض الجنۃ میں نوافل ادا کرنے کے لیے بھی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پیشگی وقت حاصل کرنا ضروری ہے۔
عازمین حج کے لیے توکلنا اور اعتمرنا کے نام سے 2 موبائل ایپلی کیشن بنائی گئی ہیں جو گوگل پلےا سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکیں گی۔موبائل ایپلی کیشن انسٹال کرنے کے لیے عازمین کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور ویزا کے نمبر درکار ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ تمام عازمین حج اپنا ای میل ایڈریس بنا کر پاس ورڈ اپنے پاس محفوظ کر لیں اور روانگی سے پہلے موبائل ایپس استعمال کرنا سیکھ لیں۔