(جنید ریاض) طلبا کیلئے بری خبر، پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے داخلہ فیسیں واپس نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق بورڈ امتحانات منسوخ کر دیئے گئے لیکن کسی طالبعلم کو جمع کرائی گئی امتحانی فیس واپس نہیں ہوگی، پنجاب کا کوئی بھی بورڈ داخلہ فیس واپس نہیں کرے گا، نہم، دہم گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات کے لیے جمع کرائی گئی داخلہ فیس واپس نہیں ہوگی، دسویں جماعت کے امتحانات لے لیے گئے ہیں لیکن پریکٹیکل نہیں ہوئے، نویں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات کو منسوخ کردیا گیا، امتحانات کے لیے 41 لاکھ بچوں نے داخلہ جمع کرایا، صوبے کے نو تعلیمی بورڈز کو کروڑوں روپے داخلہ فیس وصول ہوئی ہے۔
چیئرمین پی بی سی سی ریاض ہاشمی کا کہنا ہےکہ امتحانات کے لیےانتظامات تو کیے گئے ہیں جس پر کافی خرچہ آیا، بچوں کو نتائج بھی جاری کرنے ہیں اس پر بھی اخراجات ہونگے۔
دوسری جانب پنجاب بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز کی جانب سے بورڈ امتحانات سے متعلق اہم سفارشات تیار کرلی گئی ہیں، جن کے مطابق سپلیمنٹری، کمپوزٹ، رپیٹ اور امپروو کرنے والے طلبا کی 11 کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، جن کی تعداد کل طلبا کا 7 فیصد ہیں، لیکن اگر طلبا اگلےسال اپنی مرضی سے امتحان دینا چاہیں تو انہیں اجازت ہوگی۔
سفارشات کے مطابق نہم جماعت کے طلبا کو دسویں جماعت میں ترقی دی جائے گی، گیارہویں جماعت کے طلبا کو بارہویں میں ترقی دی جائے، گیارہویں جماعت کے نمبرز دگنا کر کے بارہویں کا نتیجہ تیار کیا جائے گا۔
پنجاب کی تیار کردہ تمام سفارشات کل وفاقی وزیر تعلیم کی زیرصدارت منعقد ہونے والے بین الصوبائی اجلاس میں پیش کی جائیں گی، تاہم حتمی نوٹیفکیشن وفاق کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں پنجاب ٹیچرز یونین نے سکولوں کو مزید 15 جولائی تک بند رکھنے اور بورڈ امتحانات منسوخ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔