پراجیکٹ پوسٹوں پر کام کرنیوالےافسران کی تنخواہوں میں اضافےکی تیاریاں شروع

13 May, 2020 | 02:05 PM

Sughra Afzal

(علی رامے ) پنجاب میں ایک طرف مالی بحران تو دوسری جانب صوبائی محکموں میں پراجیکٹ پوسٹوں پرافسران کی تنخواہوں میں اضافےکی تیاریاں شروع ہیں، محکمہ خزانہ پنجاب نے کل چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں اجلاس طلب کرلیا۔

ذرائع کےمطابق اجلاس میں تمام صوبائی محکموں میں پراجیکٹ پوسٹوں پر کام کرنے والے افسران کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائےگا، ایم پی ون اسکیل اور دیگر پراجیکٹ پوسٹوں پر کام کرنے والےافسران کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا، پنجاب میں یہ افسران محکمہ زراعت، محکمہ داخلہ، سکول ایجوکیشن، ہائرایجوکیشن، اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر، پبلک پراسکیوشن ڈیپارٹمنٹ، محکمہ ماحولیات، پی اینڈ ڈی بورڈ، بورڈ آف ریونیو اور محکمہ مواصلات و تعمیر کےماتحت پراجیکٹس پرتعینات ہیں جبکہ اس میں محکمہ توانائی، محکمہ خزانہ،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، آبپاشی، پرائمری اینڈ  سکینڈری ہیلتھ کیئر اور ٹرانسپورٹ بھی شامل ہیں۔

ذرائع کےمطابق اجلاس میں ویمن ڈویلپمنٹ اور محکمہ بہبود آبادی میں تعینات پراجیکٹ اسٹاف کے الاؤنس بڑھانے کی منظوری دی جائے گی۔

واضح رہےکہ31 دسمبر 2019 کو  بزدار سرکار نے پراجیکٹ پوسٹوں پر کام کرنے والے افسران کی تنخواہوں میں انیشیٹو الاؤنس کی مد میں دو سو فیصد تک کا اضافہ کیا تھا، گریڈ 1تا4کے ملازمین کی تنخواہ میں 20ہزار، گریڈ 5تا10کے ملازمین کی تنخواہ میں 30ہزار، گریڈ 11تا15 پر کام کرنے والے ملازم کی تنخواہ میں 40ہزار اضافہ کیا گیا تھا، نیا انیشیٹو الاؤنس پراجیکٹ پروگرامز  ،پالیسی سیلز، اتھارٹیز ،کمپنیز سمیت پی اینڈ ڈی بورڈ کی جانب سے منظور شدہ پراجیکٹ یونٹ کے افسران و ملازمین کو دیا جا رہا ہے۔

 یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس و لاک ڈاؤن کے باعث مالی خسارے کے پیشِ نظر صوبے میں 135 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز روک لیے،جبکہ مالی بحران کے باعث غیر ترقیاتی بجٹ پر بھی کٹ لگاتے ہوئے صوبائی محکموں کے اسٹیشنری و دفتری سامان کی خریداری غیر ضروری پٹرول سمیت دیگر روزمزہ کے اخراجات بھی ختم کردیئے گئے۔

مزیدخبریں