(حسن علی)شہر میں برائلر کی رسد میں بہتری کے باعث قیمت میں 11 روپے فی کلو کی کمی کر دی گئی تاہم فارمی انڈوں کی قیمت 97 روپے فی درجن پر مستحکم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں برائلر کی رسد میں بہتری کے باعث مرغی کے گوشت کے بڑھتے ہوئے نرخ تھم گئے مگر شہر میں منافع خوروں کا راج برقرار ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کی من مانی قیمت پر فروخت دھڑلے سے جاری وساری ہے۔احساس اور درد مندی سے عبارت ماہ رمضان میں ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف ہیں،مارکیٹوں میں سبزی پھلوں کی مرضی کی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں مہنگائی کنٹرول کرنے کے حکومتی دعوے بھی بے اثر رہے۔ ماہ رمضان بھی مہنگائی مافیا کے ہاتھوں لٹنے والوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔شہر میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 11 روپے فی کلو ہوئی جس پر مرغی کا گوشت 255 سے244 روپے ہوگیا، زندہ مرغی 8 روپے کمی کے بعد 168 روپے جبکہ شہر میں فارمی انڈے 97 روپے فی درجن پر مستحکم ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت مرغی کے گوشت کی قیمت میں مزید کمی کرے تاکہ عام شہری مہنگائی کے اس دور میں کم از کم مرغی کا گوشت کھا سکیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی برائلر مرغی کے گوشت میں کمی ہوئی تھی جبکہ فارمی انڈے 97 روپے فی درجن پرمستحکم رہے تھے۔ برائلر کی بڑھتی ہوئی قیمت نے شہریوں کو مزید پریشان کردیا مگر رسد میں کے باعث برائلر گوشت کی قیمت میں کمی واقع ہوئی۔جس کے باعث گزشتہ روز زندہ مرغی 3 روپےکمی کے بعد 176 روپے اور مرغی کا گوشت 5 روپے کمی کے بعد 255 روپے فی کلو ہو گیا تھا۔دو روز میں مرغی کے گوشت میں 15 روپے کی کمی واقع ہوئی۔
قبل ازیں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 4 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد 260 روپے فی کلو ہوگیا تھا جبکہ اس سے پہلے 9 روپے اضافےکے ساتھ زندہ مرغی کی قیمت میں 6 روپے بڑھ گئی تھی اور 182 روپے کلو فروخت ہوئی ،مرغی کا گوشت 6 روپے اضافے کے بعد 264 روپے فی کلو ہوگیاتھااور فارمی انڈے 97 روپے فی درجن پر مستحکم رہے۔