(سٹی42)میاں شہباز شریف نےاپنے اوپر بے بنیاد الزامات کی تردید کرتے ہوئے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔ان کا کہناتھا کہ ہتک آمیز مضمون میں ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جھوٹی خبر شائع کرنے پر برطانوی اخبار کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔میاں شہباز شریف نےہائیکورٹ میں دائر دعویٰ کیلئے قانونی فیس 10 ہزار پاؤنڈز سے زیادہ ادا کئے ہیں، عدالت اس دعویٰ کی سماعت کیلئے باقاعدہ تاریخ مقرر کرے گی۔باقاعدہ طور پر لندن ہائیکورٹ میں دعویٰ دائر کر دیا گیا ہے۔قبل ازیں شہباز شریف نےرواں سال جنوری میں اپنے وکلا کے ذریعے برطانوی اخبار میل آن سنڈے اور برطانوی صحافی کو قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان پر 2005 کے زلزلے کے بعد بحالی منصوبوں میں ڈیفیڈ کا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے برطانوی ٹیکس دہند گان کا پیسہ نا جائزاستعمال کرنے کا الزام سراسر جھوٹ ہے، وہ ان بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ خبرصرف ان کی اور ان کے خاندان کی سیاسی ساکھ اور کردار کو مسخ کرنے کے لیے گھڑی گئی ہے، انگلینڈ اور ویلز کی عدالتوں کے ذریعے سنگین اور بد ترین الزامات لگانے والوں کو قانونی انجام کا سامنا کرنا ہوگا۔
ان کا کہناتھا کہ ڈیلی میل نے ذمہ دارانہ صحافت کے بنیادی اصولوں کی پاسداری نہیں کی، ہتک آمیز مضمون میں ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا گیا، انصاف کے حصول کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے برطانوی اخبار "ڈیلی میل" میں 14 جولائی 2019 کو ان کے متعلق شائع ہونے والی من گھڑت خبروں پرقانونی کارروائی کا نوٹس بھجوایا تھا، لیگل نوٹس میں اخبار کے رپورٹر ڈیوڈ روز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ 14 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔