کورونا کو ہلکا نہ لیں، علی ظفرکامشورہ

13 May, 2020 | 09:45 AM

Shazia Bashir

سٹی 42 ( زین مدنی) پاکستان فلم انڈسٹری سمیت بالی وُڈ میں بھی اپنے نام لوہا منوانے اور اپنی آواز کاجادو جگانے والے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے اپنے مداحوں کو کورونا سے متعلق متنبہ کردیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وائرس کے حوالے سے پیغام جاری کرتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ عالمی وبا کورونا کو ہلکا نہ لیں۔ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں علی ظفر نے اپنے مداحوں کو خبردار کیا کہ جس طرح غم کا کوئی وقت مقرر نہیں اِسی طرح خوشی کا بھی کوئی وقت تعین نہیں کیا گیا ہے۔

گلوکار نے کورونا کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ اگر مجبوری ہو تو گھر سے باہر جائیں لیکن شرط یہ ہے کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ اُنہوں نے مزید لکھا کہ مہربانی کر کے کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں اور اپنا خیال رکھیں۔

علی ظفر نے اپنے اِس پیغام کے ساتھ 1918 میں سامنے والی عالمی وبا ہسپانوی فلو کی تاریخ پر مبنی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ انسانیت دوبارہ اُسی غلطی کو دُہرانے کی اجازت نہیں دیتی۔

ٹوئٹر پر شیئر کردہ تصویر میں بتایا گیا کہ 1918 میں ہسپانوی فلو کے نام سے ایک وبا پھیلی تھی جس نے 50 کروڑ لوگوں کو متاثر کیا تھا جبکہ 5 کروڑ افراد کی جان لی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 32 ہزار 81 ہو چکی ہے اور اس موذی وباء سے اپنی جان کی بازی ہارنے والے افراد کی کُل تعداد 706 ہو گئی ہے جبکہ عالمی منظر نامہ پر نظر دوڑائیں تواس وقت تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کی زد میں آنے والے افراد کی تعداد 42 لاکھ 55 ہزار 942 ہو چکی ہے اور اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 87 ہزار 332 ہو گئی ہیں۔

مزیدخبریں