( حسن خالد ) لاہور میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ابرکرم برس پڑا، تیز ہواؤں اور بارش نے موسم خوشگوار کردیا، گرمی کا زور ٹوٹنے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
آسمان پر بادلوں کی آنکھ مچولی، کبھی ہوائیں تو کبھی بوندوں کی رت کھولی، لاہور میں تیز ہواؤں اور بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ ماہ رمضان کی پہلی بارش ہوئی تو روزے داروں نے ابرکرم برسنے پر خوشی کا اظہار کیا، بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے گرم موسم کی حدت میں کمی آئی ہے۔
شہر میں آندھی اور تیز بارش کی باعث لیسکو کا بجلی کی ترسیل کا نظام متاثر رہا، کمپنی کے 170 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ فیڈر ٹرپ ہونے کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم ابرآلود رہے گا جبکہ شہر کے کئی مقامات پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔