راؤ دلشادحسین : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فضائی آلودگی کا موجب بننے والی فیکٹریاں اب حکومتی ریڈار پر آگئیں۔سینئر منسٹر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 6 جون کو وزیراعلیٰ کے حکم پر پلاسٹک بیگز بین کردیے جائیں گے۔
سینئر منسٹر پنجاب مریم اورنگ زیب کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بہتر ائیر کوالٹی انڈیکس کے لیے بھٹہ انڈسٹریل سسٹم ڈیجٹلائرڈ کرنے کا حکم دیا گیا۔
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ مریم نواز شریف انسداد سموگ کے لیے گراس روٹ لیول پر عملی طورپرنہایت سنجیدہ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی عملی سوچ کے تحت پنجاب کے ڈویژنل انڈسٹریل زونز میں ایمشن کنٹرولر لگانے اور مانیٹرنگ کے لیے تین ماہ کی ٹائم لائن مقرر کی گئی ہے۔ مریم نواز شریف کے مطابق کوالٹی آف لائف ہر فرد کا حق ہے۔ فضاٸی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف باقاعدہ کریک ڈاؤن ہوگا۔انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں۔
اجلاس میں بھارت کے ساتھ کراس باڈر ون ٹو ون ایگریمنٹ سائن کرنے پر اتفاق راۓ ہوا۔ وزیراعلیٰ کے ماحول دوست ویژن کے تحت دھان کی فصل جلنے کی بجاۓ کرش مشینوں سے کرش کیے جانے کے عمل کی سخت مانیٹرنگ کا میکانزم لانے کی ہدایت کی گئی۔
سینئر منسٹر مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کے حکم پرانسدادسموگ سے متعلق آگاہی مہم کے لیے نئی ایپ متعارف کروائی جائیگی۔
اجلاس میں طالبعلموں کو انوائرمنٹ ایمبسڈرز بنانے کے لیے تمام تعلیمی اداروں میں انوائرمنٹ کلامیٹ چینج کونسل بنانے کی ہدایت کی گئی۔ سینئر منسٹر پنجاب کا کہنا تھا کہ آئندہ 6 جون کو وزیراعلیٰ کے حکم پر پلاسٹک بیگز بین کردیے جائیں گے. انڈسٹری کو انٹرنیشنل انوائرمنٹل سٹینڈرڈز پر عمل پیراہونے پر CM گرین آفس ایوارڈز سے نوازا جاۓ گا۔
اجلاس میں محکمہ کو ہسپتال ویسٹ کی تلفی و مینجمنٹ کے لیے مستقل بنیادوں پر حکمت عملی پر عملدرآمد کروانے کا ٹاسک دیا گیا۔