سٹی42 : گلوکار عاطف اسلم نے ہمیشہ کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک میں ایک منفرد انداز میں نعت ’اللہ ہواللہ‘ کے کلام کے ساتھ جاری کردی۔
حالیہ کلام میں عاطف اسلم کی جادوئی آواز اور تاریخی بادشاہی مسجد کے خوبصورت مناظر نے دیکھنے والوں کے دلوں کو چھو لیا۔ اس کی ویڈیو کے ڈائریکٹر جامی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرصائمہ ہیں۔ کلام کی کمپوزیشن احسن پرویزنے دی ہے۔
ایک انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ نعت اور حمدیہ کلام نہ صرف مداح بلکہ خود ان کے اور ان کے بچوں کیلئے بھی بہت معنی رکھتے ہیں، یہ کلام اُنہیں روحانی سکون پہنچاتے ہیں۔ عاطف اسلم کی خواہش ہے کہ وہ مکہ میں اذان دینے کا شرف حاصل کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گلوکار عاطف اسلم نے اپنی سحر انگیز آواز میں اذان پیش کی تھی جبکہ ان کی آواز میں 99 ناموں ”اسماء الحسنیٰ“، حمد”وہی خدا ہے“ اور سلام ”تاجدارِ حرم“ بھی مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔