ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر پر 9 چھٹیاں متوقع ہیں، یو اے ای کے رہائشی ایک ہفتے سے زائد کی چھٹیوں کو انجوائے کرنے کے لیے پُر جوش ہیں تاہم بعض پاکستانی بھی غیر سرکاری طور پر امارات کے شہریوں کی تقلید کرتے ہوئے 9 چھٹیاں منا سکتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے پبلک اور پرائیوٹ سیکٹرز میں 29 رمضان سے 3 شوال تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ عید الفطر کے تیسرے دن تک چھٹیاں ہوں گی، تاہم اگر 30 روزے ہوتے ہیں تو عید 10 اپریل کو ہوگی، اور 29 روزے ہونے کی صورت میں 9 اپریل کو عید الفطر منائی جائے گی۔متحدہ عرب امارات میں 29 رمضان یعنی 8 اپریل سے جمعے تک یعنی 3 شوال، 12 اپریل تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے، چونکہ چھٹیوں سے پہلے اور بعد ہفتہ اتوار آ رہا ہے، یہی وجہ ہے متوقع چھٹیوں کی تعداد 9 بن رہی ہے۔